ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / زراعت کے لیے علیحدہ بجٹ پیش کیا جانا چاہیے:یوگیندر یادو

زراعت کے لیے علیحدہ بجٹ پیش کیا جانا چاہیے:یوگیندر یادو

Mon, 30 Jan 2017 22:30:00    S.O. News Service

نئی دہلی، 30/جنوری (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)پارلیمنٹ میں عام بجٹ پیش ہونے سے دو دن قبل سوراج ابھیان کے صدر یوگیندر یادو نے زراعت کے لیے علیحدہ بجٹ پیش کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ساتھ ہی انہوں نے مرکز کی بی جے پی حکومت سے کسانوں کی کم از کم آمدنی کو یقینی بنانے کے لیے  منیمم ایشیورڈ انکم قانون بنانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔پارٹی دفتر میں پیر کو آئندہ یکم فروری کو پیش ہونے والے عام بجٹ کے دن ہونے والی کسان سنسد کی معلومات دیتے ہوئے یوگیندر یادو نے کہا کہ مودی حکومت اب تک کی سب بڑی کسان مخالف حکومت رہی ہے، اس حکومت نے کسانوں کے مفاد میں کوئی قابل ذکر کام نہیں کیاہے۔حکومت نے گزشتہ بجٹ میں کسانوں کے لیے بڑے بڑے وعدے کئے لیکن ان کی زمینی حقیقت کچھ اور ہی نکلی۔یادو نے کہا کہ کسان مسلسل خود کشی کرتے رہے لیکن کسانوں کو کوئی راحت نہیں دی گئی، اسی لیے سوراج ابھیان کا کسان مورچہ ’جے کسان آندولن‘حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ آئندہ بجٹ میں نوٹ بند ی سے کسانوں کو ہوئے نقصانات کا اندازہ کرکے اس کی جلد تلافی کی جائے۔ساتھ ہی زراعت کے لیے علیحدہ بجٹ پیش کرنے کابھی انتظام کیا جائے تاکہ کسان اور ان کے مسائل کو ترجیح مل سکے۔یوگیندر یادو نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مٹی گیشن فنڈ کے تحت کسانوں کی کم از کم آمدنی کو یقینی بنایا جائے۔اس کے علاوہ بڑے آبپاشی منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے۔حکومت بٹائی والے کسانوں کو کھیت کا مالکانہ حق رکھنے والے کسانوں کی طرح آسان قرض مہیا کرائے اور روایتی کاشتکاری کو فروغ دے۔انہوں نے کہا کہ اگر کسان اپنی فصل کو کم از کم امدادی قیمت سے کم پر فروخت کرے، تو اس کے درمیان کے فرق کی رقم حکومت ادا کرے۔اس موقع پر موجود جے کسان آندولن کے قومی کنوینر اجیت سنگھ نے کہا کہ حکومت کسانوں کی فلاح وبہبود کے لیے اقدامات کرے،ہم کسانوں کے مفاد ات کوسب سے اوپر رکھیں گے، اسی لیے عام بجٹ پیش کرنے کے دن جنتر منتر پر کسان سنسد کا انعقاد کیا جائے گا اور بجٹ میں کسانوں کے لیے کئے گئے اعلانات پر بحث کرکے حکومت کو میمو رنڈم سونپیں گے۔
 


Share: